پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی، جس میں بدلتی علاقائی صورتحال اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے موقع پر برطانوی ہائی کمشنر نے گورنر خیبرپختونخوا کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی گفتگو میں توانائی، سلامتی، معدنیات، سرمایہ کاری کے فروغ، پائیدار ترقی کے لیے تکنیکی تعاون اور ادارہ جاتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی میں پاکستان کی مؤثر سفارتکاری اور تعمیری کردار کو سراہا اور خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو اہم قرار دیا۔
اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان خطے اور دنیا بھر میں امن و استحکام کے لیے مکالمے اور سفارتی روابط کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان شروع دن سے خطے میں پائیدار امن کے لیے مذاکراتی عمل پر یقین رکھتا ہے۔
گورنر نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں، تکنیکی ماہرین اور مختلف شعبوں میں مہارت رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد برطانیہ میں خدمات انجام دے رہی ہے، اور امید ظاہر کی کہ برطانوی حکومت کی جانب سے صوبے کے باصلاحیت نوجوانوں کے لیے مزید مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

